( احمد سعد ،طلحہ باجوہ )فیصل آباد کے علاقے ملک پور میں کیمیکل فیکٹری کے اندر بوائلر دھماکے کا انتہائی ہولناک واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں15 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ فیکٹری کے اطراف میں موجود کئی گھروں کی چھتیں بھی گر گئیں۔
دھماکے کے باعث فیکٹری سے ملحقہ ایک گھر کی چھت گرنے سے میاں بیوی اور ان کے دو بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، جبکہ جاں بحق ہونے والوں میں چھ بچے دو خواتین 2بزرگ اور فیکٹری ملازم شامل ہیں۔
علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبے سے لاشوں کو نکالا۔
ریسکیو ٹیموں نے جائے حادثہ پر امدادی کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مزید افراد بھی ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں، جس کے پیشِ نظر سرچ آپریشن کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔
کمشنر راجہ جہانگیر انور نے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ فیصل آباد کے علاقے ملک میں پور میں چار فیکٹریاں ایک دوسرے کے ساتھ منسلک کام کررہی ہیں،ایک فیکٹری میں گیس لیکج کے سبب آگ لگی،اگ نے دیگر فیکٹریوں کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے،فیکٹریوں کے ساتھ منسلک 7 مکانات بھی متاثر ہوئے ہیں۔
کمشنر نے کہا کہ15 جاں بحق افراد کو نکال لیا گیا ہے،10 زخمی الائیڈ ہسپتال ون منتقل ہوئے،3 افراد کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسچارج کردیا گیا،3 افراد کو برن یونٹ منتقل کیا گیا،2 ہڈی پٹھہ جوڑ اور 2 ہی سرجیکل وارڈ میں منتقل کیے گئے۔
کمشنر راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب اسمبلی حادثہ کو مسلسل مانیٹر کررہی ہیں،زخمیوں کو لاہور یا کراچی منتقل کرنے کا بھی وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے،ابھی لاہور یا کراچی منتقل کرنے کی ضرورت نہیں ہے،ادویات وافر مقدار میں موجود ہیں۔