ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

"ٹرمپ" نامی گلابی بھینسا عید سے قبل انٹرنیٹ سنسیشن بن گیا

Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈ یسک: بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ سے قبل ایک نایاب گلابی بھینسا غیر معمولی شہرت حاصل کر چکا ہے، جسے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام پر "ٹرمپ" کہا جا رہا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 700 کلو وزنی یہ منفرد بھینسا ڈھاکہ کے قریب نارائن گنج کے ایک فارم میں موجود ہے۔ اس کے سنہری، گھنے اور منفرد بالوں کی وجہ سے مالک ضیاء الدین مردھا نے اسے "ٹرمپ" کا نام دیا۔

مالک کے مطابق روزانہ بڑی تعداد میں لوگ، خصوصاً بچے، سوشل میڈیا انفلوئنسرز اور وی لاگرز اس بھینسے کو دیکھنے کیلئے فارم پہنچ رہے ہیں۔ لوگ اس کے ساتھ تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں بھی خاص دلچسپی دکھا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بھینسے کی خصوصی دیکھ بھال کی جاتی ہے اور اسے دن میں چار مرتبہ نہلایا جاتا ہے، جبکہ یہی اس کی واحد اضافی "لگژری"سمجھی جاتی ہے۔

محکمہ لائیوسٹاک حکام کا کہنا ہے کہ البینو بھینسے انتہائی نایاب ہوتے ہیں۔ ان جانوروں میں میلانین کی کمی کے باعث ان کی جلد اور بال سفید یا ہلکے گلابی رنگ کے نظر آتے ہیں، جس سے وہ عام بھینسوں سے بالکل مختلف دکھائی دیتے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق بنگلہ دیش میں عیدالاضحیٰ کے دوران ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد جانور قربان کیے جانے کی توقع ہے، اور اس موقع پر کم آمدن والے افراد کو بھی گوشت تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔

مالک کا کہنا ہے کہ مسلسل رش اور ہجوم کے باعث "ٹرمپ"دباؤ کا شکار ہو کر کچھ وزن بھی کم کر چکا ہے، جس کے بعد فارم انتظامیہ نے عوامی رسائی محدود کر دی ہے، تاہم لوگ اب بھی اس نایاب بھینسے کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے تاب ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فارم میں موجود دیگر بھینسوں کو بھی منفرد نام دیے گئے ہیں، جن میں "طوفان"، "فیٹ بوائے"اور "سویٹ بوائے"شامل ہیں، جبکہ ایک سنہری بالوں والے بھینسے کا نام برازیلین فٹبالر نیمار کے نام پر رکھا گیا ہے۔

ضیاء الدین مردھا نے کہا کہ اگرچہ وہ اس بھینسے سے جذباتی وابستگی رکھتے ہیں، لیکن عیدالاضحیٰ کا اصل مقصد قربانی اور ایثار ہے۔ سوشل میڈیا پر اس جانور کی مقبولیت اس حد تک بڑھ چکی ہے کہ کئی صارفین اسے دنیا کا "سب سے مشہور بھینسا" قرار دے رہے ہیں، تاہم اس کی کوئی سرکاری یا حتمی قیمت سامنے نہیں آئی۔