ویب ڈیسک: آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاریوں کے دوران پیٹرولیم لیوی کا معاملہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان اہم اختلافی نقطہ بن گیا۔
وزارتِ پیٹرولیم نے پیٹرولیم مصنوعات پر مجوزہ اضافی لیوی کے حوالے سے آئی ایم ایف کے مطالبات پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے اپنی تجاویز وزارتِ خزانہ کو ارسال کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزارتِ پیٹرولیم نے آئندہ مالی سال 2026-27 کیلئے پیٹرولیم لیوی کا ہدف ایک ہزار ارب روپے رکھنے کی سفارش کی ہے، جبکہ رواں مالی سال میں یہ ہدف 1313 ارب روپے مقرر کیا گیا تھا۔ دوسری جانب آئی ایم ایف اگلے سال کیلئے تقریباً 1727 ارب روپے کا ہدف تجویز کر رہا ہے۔
حکام کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 414 ارب روپے اضافی وصولیوں کا مطالبہ سامنے آیا ہے، جس پر وزارتِ پیٹرولیم نے خدشات کا اظہار کیا ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم فی لیٹر 50 روپے تک لیوی برقرار رکھنے کے حق میں ہے، جبکہ اس وقت حکومت پیٹرول پر 108 روپے اور ڈیزل پر 52 روپے فی لیٹر کے حساب سے مختلف ٹیکسز اور لیوی وصول کر رہی ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی ایم ایف نے آئندہ مالی سال کیلئے پیٹرولیم لیوی میں تقریباً 18 فیصد اضافے کی تجویز دی ہے، جس کے نتیجے میں مستقبل میں پیٹرولیم لیوی 100 روپے فی لیٹر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
مزید برآں، بجٹ تجاویز میں پیٹرولیم لیوی کا مجموعی ہدف تقریباً 1730 ارب روپے مقرر کرنے پر غور جاری ہے، تاہم حتمی فیصلہ حکومت اور آئی ایم ایف مذاکرات کے بعد سامنے آئے گا۔