سٹی42: بھارتیہ جنتا پارٹی کے پالتو ٹی وی اینکر ارناب گوسوامی اور حکمراں جماعت بی جے پی کے آئی ٹی سیل کے سربراہ امیت مالویہ کے خلاف پاکستان کے متعلق جھوٹی خبریں پھیلا کر پبلک کو گمراہ کرنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ساؤتھ انڈیا کی ریاست کرناٹک کے دارالحکومت بنگلور میں انڈین یوتھ کانگریس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں الزام لگایا گیا ہے کہ گوسوامی اور مالویہ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے دوران جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے کی منظم مہم چلائی۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ اس عمل سے نہ صرف بھارتی عوام کو گمراہ کیا گیا بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی بھارت کی بدنامی ہوئی۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز جارج ٹاؤن یونیورسٹی کی معروف پروفیسر کرسٹین فیئر نے بھاجپا کے بھونپو ارناب گوسوامی کے نام نہاد شو کو ’’جنگجو اور شورشرابے بھرے ماحول‘‘ کو وجہ بتاتے ہوئے چھوڑ دیا تھا۔پروفیسر کرسٹین فئیر فیئر نے اپنے اس شو کو چھوڑ جانے کے بعد کہا تھا کہ ’’جب ہر طرف صرف چیخ پکار ہو رہی ہو تو ایسے شو میں بیٹھنے کے بجائے دنیا میں کرنے کو بہت سی اہم چیزیں موجود ہیں۔‘‘
یہ پہلی بار نہیں ہوا جب ارناب گوسوامی کے کنڈکٹ اور اس کی گفتگو کے کونٹینٹ پر سوال اٹھائے گئے ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کے چینل نے بار بار ایسی خبریں نشر کیں جنہیں بعد میں جھوٹا پایا گیا۔ مبصرین کے مطابق یہ مقدمہ درحقیقت بھارتی میڈیا میں پھیلے ہوئے ’’جھوٹ کے کارخانے‘‘ کے خلاف ایک اہم قانونی کارروائی ہے۔