(ویب ڈیسک)بھارتی فلم انڈسٹری بالی ووڈ کے اداکار رنویر سنگھ ان دنوں باکس آفس کے نئے کنگ بن کر ابھرے ہیں۔ ان کی فلم " دھرندھر 2" نے ریلیز کے صرف دو دنوں میں دنیا بھر میں 370 کروڑ بھارتی روپے کا کلیکشن کر کے سنسنی مچا دی ہے۔ فلم نے نہ صرف زبردست اوپننگ کی بلکہ دوسرے دن بھی 81 کروڑ بھارتی روپے کی کمائی کر کے اپنی رفتار برقرار رکھی۔ خاص بات یہ ہے کہ اس نے محض دو دنوں میں "وار 2" اور "آدی پروش" کے لائف ٹائم کلیکشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارت کی بڑی اردو ویب نیوز کے مطابق بالی ووڈ میں اس وقت اگر کسی فلم کی سب سے زیادہ چرچا ہے تو وہ ہے آدتیہ دھر کی دھماکہ خیز فلم " دھرندھر 2"۔ یہ ملٹی اسٹارر فلم دنیا بھر میں دھوم مچا رہی ہے۔ آج فلم کی ریلیز کا تیسرا دن ہے اور یہ شروع سے ہی باکس آفس پر تاریخ رقم کرنے میں لگی ہوئی ہے۔ فلم نے صرف دو دنوں میں حالیہ کئی بڑے پروجیکٹس کے لائف ٹائم کلیکشن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ رنویر سنگھ کی " دھرندھر 2" نے باکس آفس پر تہلکہ مچا دیا ہے۔ ریلیز کے دوسرے ہی دن فلم نے دنیا بھر میں 370 کروڑ بھارتی روپے کا ہندسہ عبور کر لیا، جو کئی بڑی فلموں کی لائف ٹائم کمائی سے زیادہ ہے۔ آدتیہ دھر کی ہدایت کاری میں بنی یہ اسپائی تھرلر فلم 19 مارچ 2026 کو ریلیز ہوئی تھی اور پہلے ہی دن سے ریکارڈ توڑ رہی ہے۔
فلم " دھرندھر 2" نے پہلے دن بھارت میں 145 کروڑ بھارتی روپے نیٹ کی زبردست کمائی کی۔ اس کے بعد دوسرے دن یعنی جمعہ کو بھی اس کی رفتار کم نہیں ہوئی اور اس نے 81 کروڑ بھارتی روپے نیٹ کا کلیکشن کیا۔ اس طرح صرف دو دنوں میں فلم کا کل گھریلو کلیکشن 226 کروڑ بھارتی روپے نیٹ اور 269 کروڑ بھارتی روپے گراس تک پہنچ گیا ہے۔دوسری جانب بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی فلم نے شاندار کارکردگی دکھائی ہے۔ پیڈ پریویو سمیت اوورسیز میں فلم نے تقریباً 7 ملین ڈالر کی اوپننگ کی، جبکہ دوسرے دن مزید 5 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اس طرح مجموعی طور پر فلم کا ورلڈ وائیڈ کلیکشن 370 کروڑ بھارتی روپے تک پہنچ چکا ہے۔ ٹریڈ ایکسپرٹس کا ماننا ہے کہ فلم ہفتہ یعنی آج 500 کروڑ بھارتی روپے کا ہندسہ پار کر سکتی ہے۔
بالی ووڈ فلم دھرندھر 2" نے صرف دو دنوں میں کئی بڑی فلموں کے لائف ٹائم کلیکشن کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ پربھاس کی "آدی پروش" (350 کروڑ) اور ریتک روشن و جونیئر این ٹی آر کی "وار 2" (338 کروڑ) اب اس سے پیچھے رہ گئی ہیں۔ اس نے شاہ رخ خان کی "جوان" کے فرسٹ سنڈے کلیکشن کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یہی نہیں، فلم تیزی سے 2026 کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی ہندوستان فلم بننے کی طرف بڑھ رہی ہے۔فلم کو بھارت میں اُگادی اور گُڑی پڑوا جیسے تہواروں کا بھی فائدہ ملا، جس کی وجہ سے پہلے دو دنوں میں سینما گھروں میں بھاری بھیڑ دیکھنے کو ملی۔ تاہم بیرونِ ملک ایسے کسی تہوار کا فائدہ نہ ہونے کے باوجود فلم نے شاندار کمائی کی، جو اس کی عالمی مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔
فلم کی ہدایت کاری آدتیہ دھر نے کی ہے، جبکہ اس میں رنویر سنگھ کے علاوہ آر مادھون، ارجن رام پال، سنجے دت، سارا ارجن اور راکیش بیدی جیسے ستارے اہم کرداروں میں نظر آ رہے ہیں۔ فلم میں ہر اداکار کے کردار کو شائقین پسند کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ"دھرندھر" فرنچائز کی پہلی فلم نے دنیا بھر میں 1300 کروڑ روپے کا بزنس کیا تھا اور تین ماہ تک سینما گھروں میں چلتی رہی تھی۔