سٹی42:داتا دربار، منہاج القرآن، ماڈل ٹاؤن پارک اور دیگر مذہبی مراکز میں نماز عید ادا ، ملکی سلامتی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کروائی گئیں ۔
لاہور: صوبائی دارالحکومت میں عیدالفطر کے موقع پر مختلف مذہبی و عوامی مقامات پر نماز عیدالفطر عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے شرکت کی اور ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کیں۔
محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر انتظام داتا دربار میں نماز عیدالفطر خطیب داتا دربار مفتی محمد رمضان سیالوی کی امامت میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر داتا دربار محمد علی خان، مینجر گوہر مصطفیٰ، مینجر نعمان سیفی سمیت بڑی تعداد میں زائرین اور عقیدت مند موجود تھے۔ نماز کے بعد ملکی سلامتی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
ادارہ منہاج القرآن میں بھی نماز عیدالفطر قاری خالد حمید کاظمی کی امامت میں ادا کی گئی۔ تقریب میں صاحبزادہ ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، ڈاکٹر حسین محی الدین قادری اور خرم نواز گنڈاپور سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نماز سے قبل رانا محمد ادریس قادری نے خطاب کیا جبکہ خطبہ بھی قاری خالد حمید کاظمی نے دیا۔ نماز کے بعد ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
ماڈل ٹاؤن پارک میں ہر سال کی طرح اس بار بھی عید کا بڑا اجتماع منعقد ہوا جہاں قاری محمد شفیق کی امامت میں نماز ادا کی گئی۔ صدر سوسائٹی سیف الرحمان، میاں عامر محمود سمیت ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ نماز کے بعد ملک و قوم کی سلامتی اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔
دارالعلوم جامعہ نعیمیہ میں بھی نماز عیدالفطر ادا کی گئی جس کی امامت چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر محمد راغب حسین نعیمی نے کروائی۔
اسی طرح جامع المنتظر میں مولانا ضیاء الحسن نجفی کی امامت میں نماز عیدالفطر ادا کی گئی جبکہ جامع مسجد دربار میاں میر میں مفتی محمد اقبال کھرل نے نماز عید کی امامت کروائی۔
تمام مقامات پر نماز عید کے اجتماعات میں امت مسلمہ کے اتحاد، ملک کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔