سٹی 42 : پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سندھ پیپلزہاؤسنگ کے منصوبے کی تیزی سے تکمیل خوش آئند ہے، منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں بے گھر خاندانوں کو مستقل چھت میسر آئے گی۔
پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی سربراہی میں سندھ پیپلزہاؤسنگ اسکیم کی کارکردگی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری بھی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں بلاول بھٹو کو بریفنگ دی گئی کہ اب تک 20 لاکھ سے زائد متاثرین کی تصدیق مکمل کی جا چکی ہے، 11 لاکھ 45 ہزار بینک اکاؤنٹس کھولے گئے، 10 لاکھ 20 ہزار افراد کو مالی معاونت فراہم کردی گئی ۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 6 لاکھ 60 ہزار گھروں کی تعمیر بنیاد تک مکمل ہو چکی ہے، 4 لاکھ خاندان مکمل تیار شدہ گھروں میں منتقل ہو چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ حکومت نے سرکاری زمین پر 3 لاکھ 1 ہزار 442 خاندانوں کو رہائشی زمین الاٹ کرنے کا عمل بھی مکمل کر لیا ہے، ضلعی انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ دو ہفتوں کے اندر زمین کے مالکانہ حقوق کی تقسیم کا عمل شروع کیا جائے۔ گھروں کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں باورچی خانہ، باتھ روم اور صحن جیسی سہولیات بھی شامل ہیں۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سندھ پیپلزہاؤسنگ کے منصوبے کی تیزی سے تکمیل خوش آئند ہے، منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں بے گھر خاندانوں کو مستقل چھت میسر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی عوام کی خدمت کے لئے ہر دور میں اسی طرح کے غیرمعمولی اقدامات کرتی رہی ہے۔