عابدچودھری: ایس پی موبائلز بلال احمد نے شہر کے مختلف ناکہ جات کا اچانک دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ترجمان کے مطابق ایس پی موبائلز نے ناکہ شیرا کوٹ سمیت دیگر اہم ناکہ جات کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تعینات افسران اور جوانوں سے ملاقات کی اور محرم الحرام سکیورٹی پلان کے تحت فرائض کی انجام دہی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایس پی موبائلز نے ناکہ انچارجز کو سکیورٹی مزید مؤثر بنانے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام افسران اور اہلکار فیلڈ میں متحرک رہیں اور کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت الرٹ رہیں۔
دورے کے دوران ایس پی موبائلز نے ای پولیس ایپ کے ذریعے مشکوک افراد اور گاڑیوں کا ریکارڈ بھی چیک کیا اور جوانوں کو اس کے مؤثر استعمال کی ہدایت دی۔
انہوں نے ہدایت کی کہ مشکوک افراد، گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی مکمل ویریفکیشن یقینی بنائی جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھی جا سکے۔