طاہر جمیل: بلدیہ عظمیٰ لاہور نے ٹی ٹی آئی پی ٹیکس اور نقشہ فیس کی مد میں رواں مالی سال کے دوران ریکارڈ آمدن حاصل کر لی ہے، جس کے بعد ریونیو وصولیوں میں نمایاں بہتری دیکھی گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق ٹی ٹی آئی پی ٹیکس کی مد میں بلدیہ کو 8 ارب 15 کروڑ روپے کی آمدن حاصل ہوئی، جو مقررہ ہدف سے زائد ہے۔ اس مد میں سالانہ ہدف 6 ارب 60 کروڑ روپے رکھا گیا تھا، جبکہ وصولی 135 فیصد تک پہنچ گئی۔
رپورٹ کے مطابق یکم جون تک 6 ارب 5 کروڑ روپے کے مقابلے میں مجموعی وصولی بڑھ کر 8 ارب 15 کروڑ روپے تک جا پہنچی۔
نقشہ فیس کی مد میں بھی نمایاں کارکردگی دیکھنے میں آئی، جس کا سالانہ ہدف 40 کروڑ روپے تھا جبکہ 15 جون تک 39 کروڑ 18 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے جا چکے ہیں۔ شعبہ پلاننگ نے دعویٰ کیا ہے کہ ماہ کے اختتام تک اس ہدف کو 100 فیصد سے زائد حاصل کر لیا جائے گا۔
حکام کے مطابق ماضی میں نقشہ فیس سے آمدن تقریباً 20 کروڑ روپے تک محدود رہتی تھی تاہم رواں سال اس میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اسی طرح جنرل بس اسٹینڈ کی آمدن میں بھی بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پارکنگ کمپنی کی جانب سے شیئرز کی عدم ادائیگی کے باعث پارکنگ فیس کی مد میں آمدن صفر رہی جبکہ انفورسمنٹ فائن کی مد میں بھی کوئی آمدن حاصل نہیں ہو سکی۔
مجموعی طور پر بلدیہ عظمیٰ لاہور کی ریونیو وصولیوں میں رواں مالی سال کے دوران نمایاں اضافہ اور بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔