طاہر جمیل: شہر بھر میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز کی زیرِ نگرانی غیر قانونی تعمیرات کے خلاف گرینڈ آپریشنز جاری ہیں، جن کے تحت متعدد مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (MCL) کے ٹاؤن پلاننگ ونگ کے انفورسمنٹ سکواڈز نے مسلسل سرویلنس کے بعد شالیمار زون کے مختلف علاقوں میں بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی پر آپریشن کیا۔ کارروائیاں ایوب روڈ، مائی کامی روڈ، شیر شاہ روڈ، گڈے شاہ روڈ اور حق نواز روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کی گئیں۔
آپریشن کے دوران ایک کثیر المنزلہ غیر قانونی عمارت کو مسمار کر دیا گیا، جبکہ بلڈنگ قوانین اور منظور شدہ نقشہ جات کی خلاف ورزی کرنے والی 6 عمارتوں کو موقع پر سیل کر دیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ نے بلڈنگ پلان کی منظوری کے بغیر جاری تمام تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ غیر قانونی تعمیرات اور نقشہ جات کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور محمد علی اعجاز نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں غیر قانونی تعمیرات کے لیے کوئی جگہ نہیں اور قانون کی حکمرانی ہر صورت برقرار رکھی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ بلڈنگ قوانین کی پاسداری شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ناگزیر ہے، لہٰذا تعمیراتی منصوبوں میں تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔