ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

16 سے 18 سال کے نوجوانوں کیلئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کا آغاز، 750 سے زائد پرمٹ جاری

16 سے 18 سال کے نوجوانوں کیلئے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کا آغاز، 750 سے زائد پرمٹ جاری
کیپشن: file photo
سورس: google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

عابد چودھری: پنجاب ٹریفک پولیس نے 16 سے 18 سال عمر کے نوجوانوں کے لیے جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ کے اجراء کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبے بھر میں 750 سے زائد نوجوانوں کو پرمٹ جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد نوجوانوں میں محفوظ اور ذمہ دار ڈرائیونگ کے رجحان کو فروغ دینا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے کہا ہے کہ ٹریفک پولیس محفوظ سفر اور قانون پسند نوجوان ڈرائیورز کی تربیت اور حوصلہ افزائی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں 190 سے زائد نوجوانوں کو جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ فیصل آباد میں 115 اور سیالکوٹ میں 80 نوجوان اس سہولت سے مستفید ہوئے ہیں۔

ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ رکھنے والے نوجوانوں کو 125 سی سی تک موٹر سائیکل چلانے کی اجازت ہوگی۔ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو کم عمری میں ہی ٹریفک قوانین اور محفوظ ڈرائیونگ کے اصولوں سے آگاہ کرنا ہے۔

ڈی آئی جی ٹریفک محمد وقاص نذیر نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی مکمل پابندی کریں، ہیلمٹ کے استعمال کو یقینی بنائیں اور ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ حکومت کا ان پر کیا گیا اعتماد برقرار رہے۔

انہوں نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو بغیر ڈرائیونگ پرمٹ موٹر سائیکل چلانے کی اجازت نہ دیں اور انہیں ٹریفک قوانین پر عمل کرنے کی تلقین کریں۔

ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جووینائل ڈرائیونگ پرمٹ پروگرام کے ذریعے سڑکوں پر حادثات کی شرح میں کمی اور محفوظ سفری کلچر کے فروغ میں مدد ملے گی۔