سٹی 42: لاہور کے ہربنس پورہ فائرنگ کیس میں پولیس نے مرکزی ملزم سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ عدالت پیشی پر جانے والے افراد پر فائرنگ کے واقعے میں ملوث عبید علی اور نیاز کو قانون کی گرفت میں لے لیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کے مطابق ابتدائی تفتیش سے معلوم ہوا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ سابقہ دشمنی کا نتیجہ تھا۔ واقعے کا مقدمہ مقتول سعد کے والد اقبال ندیم کی مدعیت میں تھانہ ہربنس پورہ میں درج کیا گیا، جس میں قتل اور دیگر متعلقہ دفعات شامل کی گئی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا تھا کہ لاہور پولیس تمام دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات جاری رکھے ہوئے ہے اور واقعے کے ہر پہلو کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔