سٹی 42: بصارت سے محروم صاحب بصیرت استاد اور معروف شاعر تیمور حسن تیمور انتقال کرگئے۔
ماہر تعلیم ، ادیب ، شاعر ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کے انتقال کی خبر سن کر ادبی حلقے بھی غم زدہ ہیں ۔ تیمور حسن تیمور گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ کے شعبہ اردو سے بھی وابستہ تھے ۔ان کی نماز جنازہ کل صبح 9 بجے گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ میں ادا کی جائے گی
ڈاکٹر تیمور حسن تیمور کی نمائندہ غز ل جو موجودہ حالات میں بھی سوشل میڈیا پر وائر ل ہو رہی تھی
مجھ کو کہانیاں نہ سنا شہر کو بچا
باتوں سے میرا دل نہ لبھا شہر کو بچا
میرے تحفظات حفاظت سے ہیں جڑے
میرے تحفظات مٹا شہر کو بچا
تو اس لیے ہے شہر کا حاکم کہ شہر ہے
اس کی بقا میں تیری بقا شہر کو بچا
تو جاگ جائے گا تو سبھی جاگ جائیں گے
اے شہریار جاگ ذرا شہر کو بچا
تو چاہتا ہے گھر ترا محفوظ ہو اگر
پھر صرف اپنا گھر نہ بچا شہر کو بچا
کوئی نہیں بچانے کو آگے بڑھا حضور
ہر اک نے دوسرے سے کہا شہر کو بچا
لگتا ہے لوگ اب نہ بچا پائیں گے اسے
اللہ مدد کو تو مری آ شہر کو بچا
تاریخ دان لکھے گا تیمورؔ یہ ضرور
اک شخص تھا جو کہتا رہا شہر کو بچا