ویب ڈیسک: واٹس ایپ میں آخرکار اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔
واٹس ایپ کی جانب سے اسٹیٹس اپ ڈیٹس اور پروموٹیڈ چینلز میں اشتہارات دکھانے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ میٹا کی جانب سے جون 2025 میں واٹس ایپ میں اشتہارات کو لانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اب میسجنگ ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے بیٹا (beta) ورژن میں محدود صارفین کو اشتہارات دکھانے شروع کیے گئے ہیں۔
ویسے تو میٹا نے وعدہ کیا ہے کہ ذاتی چیٹس میں اشتہارات کا اضافہ نہیں کیا جائے گا مگر اس اپ ڈیٹ کے بعد اب واٹس ایپ بھی انسٹا گرام اور فیس بک کی طرح اشتہارات دکھانے والی سروس بن گئی ہے۔
خیال رہے کہ میٹا (اس وقت کمپنی کا نام فیس بک تھا) نے واٹس ایپ 2014 میں 19 ارب ڈالرز میں خریدا تھا اور اب 11 سال بعد اشتہارات کو اس میسجنگ پلیٹ فارم کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
WaBetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ کے بیٹا ورژن میں مخصوص صارفین اسٹیٹس اپ ڈیٹس میں اشتہارات دیکھ رہے ہیں، جن پر واضح طور پر اسپانسر پوسٹس لکھا ہوتا ہے۔
ان اشتہارات کو انسٹا گرام اسٹوریز میں دکھائے جانے والے اشتہارات کی طرح دکھایا جائے گا یعنی اسٹیٹس اپ ڈیٹس میں اسکرولنگ کے دوران اشتہارات نظر آئیں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چونکہ ابھی یہ تمام بیٹا صارفین کو نظر نہیں آ رہے ہیں جس سے عندیہ ملتا ہے کہ فی الحال کمپنی کی جانب سے انہیں مخصوص افراد کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔
جون میں واٹس ایپ کی جانب سے 3 اشتہاری فارمیٹس کو متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا تھا، ایک اسٹیٹس اپ ڈیٹس کے اشتہارات، دوسرا پروموٹیڈ چینلز اور تیسرا چینل سبسکرپشن پروموشنز۔
اس وقت میٹا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اشتہارات کے میکنزم کے لیے مختلف عناصر جیسے ملک یا شہر، زبان اور چینلز (جن کو آپ فالو کر رہے ہوں گے) کو مدنظر رکھا جائے گا، جبکہ ان اشتہارات کے ڈیٹا کو بھی مدنظر رکھا جائے گا جن پر صارفین کی جانب سے ردعمل ظاہر کیا جائے گا۔
البتہ کمپنی کا کہنا تھا کہ صارف کے شناختی ڈیٹا جیسے فون نمبروں، میسجز، کالز اور گروپس کو اشتہارات دکھانے کے لیے استعمال نہیں کیا جائے گا۔