عیسی ترین:بلوچستان میں کاروکاری کےالزام میں خاتون اور مرد قتل ،سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے پر بلوچستان حکومت ایکشن میں آئی، ریاست کی مدعیت میں دہشتگردی کا مقدمہ درج کرکے11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہناہے،تمام ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا.
قتل ہونیوالے میاں بیوی کی شناخت احسان اور بانو کے نام سے ہوئی, وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ 11 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا،ریاست مظلوم کے ساتھ کھڑی ہے، کسی کو معاف نہیں کیا جائے گا۔
افسوس ناک واقعہ عید الاضحیٰ سے تین روز قبل پیش آیا، واقعہ کو لڑکے اور لڑکی کے اہلخانہ نے پولیس میں رپورٹ نہیں کیا، بہیمانہ قتل کی ویڈیو وائرل ہونے پر وزیر اعلیٰ کے نوٹس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ واقعہ ڈگاری کے علاقے میں پیش آیا،ریاستی مدعیت میں درج مقدمے میں دہشتگردی کی دفعات شامل ہیں، مزید ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے چھاپوں کا عمل جاری ہے،واقعہ میں ملوث ہونے کے شعبے میں ساتکزئی قبائل کا سردار بھی گرفتار ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا ہے کہ خاتون اور مرد قتل واقعہ میں 11 ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔
سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ خاتون اور مرد کے قتل واقعہ میں اب تک 11 ملزمان گرفتار کیےجاچکےہیں، آپریشن جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعہ میں تمام ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائےگا، ریاست مظلوم کے ساتھ ہے۔
