کلیم اختر:فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انٹرنل جاب پوسٹنگ (IJP) کے تحت انسپکٹرز ان لینڈ ریونیو کی تقرریوں کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ریجنل ٹیکس آفس کے 24 انسپکٹرز کو آئی جے پی کے ذریعے منتخب کر لیا گیا ہے۔
ایف بی آر نے منتخب انسپکٹرز کو پرفارمنس الاؤنس دینے کی باقاعدہ منظوری بھی دے دی ہے، جس کا اطلاق جنوری 2026 سے کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق یہ الاؤنس قواعد و ضوابط کے تحت مشروط ہوگا۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ مقررہ شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں ایک ماہ کے اندر پرفارمنس الاؤنس ختم کیا جا سکے گا۔ شرائط میں حاضری، نظم و ضبط کے اصولوں کی پابندی، بدعنوانی، مس کنڈکٹ اور دیگر عوامل شامل ہیں۔
واضح رہے کہ پرفارمنس الاؤنس کا اطلاق 2015 میں جاری کردہ سرکلر کے تحت کیا جائے گا۔ ایف بی آر حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد کارکردگی کو بہتر بنانا اور ادارہ جاتی نظم و ضبط کو مضبوط کرنا ہے۔