شاہد سپرا:لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے ایک مرتبہ پھر کروڑوں روپے کی لاگت سے نئی سرکاری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر 75 گاڑیوں کی خریداری کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
لیسکو انتظامیہ نے کرینز سمیت چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دے دی ہے، جبکہ کمپنی کے شعبہ میٹریل مینجمنٹ نے باقاعدہ طور پر خریداری کا عمل شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیسکو نے لائن سٹاف کیلئے 40 بکٹ کرینز خریدنے کی منظوری دی ہے,اس کے علاوہ ایک ڈبل کیبن اور 10 سنگل کیبن گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے,کمپنی کی جانب سے 24 چھوٹی گاڑیوں کی خریداری کیلئے بھی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے.
واضح رہے کہ لیسکو نے نومبر میں بھی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کا عمل شروع کیا تھا، تاہم اس وقت خریداری مکمل نہ ہو سکی تھی۔ نومبر میں ناکامی کے بعد اب ایک بار پھر محکمانہ سطح پر خریداری کا عمل تیز کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی گاڑیوں کی خریداری کا مقصد فیلڈ آپریشنز اور انتظامی امور کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے، تاہم بڑھتے اخراجات پر مختلف حلقوں کی جانب سے سوالات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔