عثمان خالد: رمضان المبارک کے آغاز کے ساتھ ہی ملک بھر میں اسٹرابری کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، جس کے باعث اس کی قیمت 1500 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کھیتوں میں کچی اور پکی اسٹرابری کی فصل تیار ہے، تاہم کاشتکاروں کو اس بار بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا ہے۔ پودے لگانے، کھاد ڈالنے اور اسپرے کرنے پر لاگت میں اضافے نے پیداوار کی مجموعی لاگت بڑھا دی ہے۔
اسٹرابری کی کاشت اور دیکھ بھال میں خواتین بھی اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ کھیتوں میں خواتین جڑی بوٹیاں صاف کرنے، پودوں کی نگہداشت اور دیگر زرعی امور میں مصروف دکھائی دیتی ہیں۔ پودوں کو باقاعدگی سے پانی دینا، پرندوں سے فصل کا بچاؤ کرنا اور دن بھر محنت کرنا اس فصل کی کامیاب پیداوار کے لیے ناگزیر ہے۔
رمضان میں طلب بڑھنے کے باعث اسٹرابری ایک ہزار سے 1500 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ قیمت میں اضافے کے باوجود شہری افطار کے دسترخوان کی زینت بنانے کے لیے اسٹرابری خریدنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔