علی ساہی:پولیس اور محکمہ ایکسائز کے درمیان کوآرڈینیشن کے فقدان کے باعث شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جہاں بلاوجہ جرمانے اور گاڑیاں تھانوں میں بند کیے جانے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ3 برس سے سرکاری نمبر پلیٹس کا مرکزی اجرا بند ہے، تاہم گورنمنٹ پیٹرن کی نمبر پلیٹس آویزاں نہ کرنے پر کارروائیاں جاری ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر محکمہ ایکسائز کی جانب سے مراسلہ جاری کیا گیا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ شہری گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر حکومتی پیٹرن کے مطابق تیار کردہ پرائیویٹ نمبر پلیٹس آویزاں کر سکتے ہیں۔
جاری کردہ مراسلے کے مطابق سرکاری طور پر نمبر پلیٹس کی فیس وصولی بند ہونے کی وجہ سے شہریوں کے خلاف کارروائیاں نہ کی جائیں، جبکہ صرف غیر منظور شدہ فارمیٹ والی نمبر پلیٹس کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ فارمیٹ کے مطابق نمبر پلیٹ لگانے والوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ایکسائز ذرائع کے مطابق نمبر پلیٹس کی تیاری میں تاخیر کے باعث کنٹریکٹ منسوخ کرنا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں لاکھوں نمبر پلیٹس فیس کی ادائیگی کے باوجود جاری نہیں ہو سکیں۔ حالات کے پیش نظر شہریوں کو عارضی طور پر پرائیویٹ نمبر پلیٹس تیار کروانے کی اجازت دی گئی ہے تاکہ وہ قانونی تقاضے پورے کر سکیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ پولیس اور ایکسائز کے درمیان مؤثر رابطے سے شہریوں کو درپیش مسائل کا جلد از جلد حل نکالا جائے گا۔