جنید ریاض: میٹرک اور انٹر کے فیل اور کمپارٹمنٹ طلباو طالبات کے لیے حکومت نے فری اسکل ٹریننگ پروگرام شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد ایسے طلباکو ہنر مند بنا کر روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنا ہے۔
حکومت نے تعلیمی بورڈز کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیل طلبا کو ایس ایم ایس کے ذریعے مفت اسکل کورسز سے آگاہ کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس پروگرام سے فائدہ اٹھا سکیں۔ اس سلسلے میں اسکلز ڈویلپمنٹ اینڈ انٹرپرینیورشپ ڈیپارٹمنٹ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں مفت ہنر سکھائے گا۔
طلبا آن لائن رجسٹریشن کے ذریعے مختلف فری اسکل کورسز میں داخلہ لے سکیں گے۔ بورڈ حکام کو سوشل میڈیا پر پروگرام کی بھرپور تشہیر کرنے اور عملدرآمد سے متعلق رپورٹ جمع کرانے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔
حکام نے ہدایت کی ہے کہ اس پروگرام پر ترجیحی بنیادوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا کو ہنر مند بنا کر باعزت روزگار کی طرف راغب کیا جا سکے۔