سٹی42: ملک کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمال / مشرقی پنجاب ، کشمیر اورگلگت بلتستان میں چندمقامات پر تیز ہواؤں اور گر ج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برفباری متوقع ہے۔
شہر لاہور کی فضا میں خنکی کا راج برقرار، جہاں سورج نے کرنیں بکھیر دیں جبکہ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارش کا کوئی امکان نہیں ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 99 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ بارشوں کے بعد فضائی آلودگی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور لاہور فضائی آلودگی کے اعتبار سے 31 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس کی مجموعی شرح 98 ریکارڈ کی گئی ہے۔امریکی قونصلیٹ 44، سید مراتب علی روڈ میں ائیر کوالٹی انڈیکس کی شرح 92 ریکارڈ کی گئی، شاہراہ قائداعظم 74، جوہر ٹاؤن میں آلودگی کی شرح 96 ریکارڈ کی گئی، عسکری ٹین 144، کوٹ لکھپت میں آلودگی کی شرح 91 ریکارڈ کی گئی ہے۔
شہر قائد میں موسم پھر سے تبدیل ہونے سے آج بادلوں کے ڈیرے ہیں جس کے باعث موسم خوشگوار ہو گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں شام اور رات کے وقت چند مقامات پر ہلکی بوندا باندی کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، کم سے کم درجہ حرارت 18 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جانے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد سے کم ہے اور شمال مشرق سمت سے ہوا 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔شہر کا فضائی معیار بدستور مضر صحت قرار دیا گیا ہے اور کراچی پاکستان کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 166 پرٹیکیولیٹ میٹرز ریکارڈ کی گئی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں کو صحت کے مسائل کا سامنا ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد اور گردونواح میں موسم سرد اور خشک رہنے کی توقع ہے۔خیبرپختونخواکے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کے علاوہ بالائی اضلاع میں موسم شدیدسرد رہے گا۔ مری،گلیات اور گردونواح میں مطلع جزوی ابر آلود اور موسم شدید سرد رہے گا۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم نارو وال ، سیالکوٹ، جہلم، لاہور، فیصل آباد اور گردو نواح میں چند مقامات پر ہلکی سے درمیانی دُھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔ کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
ادھربلوچستان کے بیشتراضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم کوئٹہ، زیارت، قلات، موسیٰ خیل، قلعہ عبداللہ، پشین، خاران اور گردو نواح میں تیز ہواؤں اورگرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ شمالی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برف باری کی بھی توقع ہے۔