ویب ڈیسک: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ٹیم اسلام آباد یونائیٹڈ کے فاسٹ بولر رومان رئیس کا کہنا ہے کہ ہر پلیئر کیلئے اہم ہے کہ اپنی صلاحیتوں کو ٹھیک انداز میں عمل میں لائیں اور اگر ایسا نہیں ہو پا رہا تو پلیئر خود کو دیکھے کہ وہ کہاں غلطیاں کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے رومان رئیس نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم اچھی فارم میں ہے، پلیئرز تیسری بار پاکستان سپر لیگ کی ٹرافی جیتنے کیلئے پر اعتماد ہیں۔اسلام آباد کی فرنچائز نے جس طرح میرا ساتھ دیا اور اعتماد کیا اس بار میری کوشش ہوگی کہ میں اپنی کارکردگی سے اس کا حق ادا کروں۔
رومان رئیس نے کہا کہ جب وہ پِک ہوئے تو ان کے ذہن میں ایک بات یہ تھی کہ جس طرح اسلام آباد یونائیٹڈ نے سپورٹ کیا اس بار وقت ہے کہ وہ اس کا قرض چکائیں۔جب ایک فرنچائز کسی پلیئر کو اس طرح سپورٹ کرتی ہے تو اس کا اعتماد بھی بلند ہوتا ہے اور ٹیم کیلئے کچھ کردکھانے کا جذبہ بھی بڑھتا ہے۔
31 سالہ رومان رئیس کا کہنا تھا کہ وہ ایک بار پھر بھرپور کرکٹ کھیل کر انجوائے کررہے ہیں، انجری کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ کو مس کیا لیکن اب کافی بہتر محسوس کررہے ہیں اور کوشش ہے کہ ہر میچ میں ٹیم کیلئے بہتر پرفارمنس دیں، بولنگ اچھی ہورہی ہے ، کوشش ہے کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں آغاز اچھا ہوا ہے، کوشش کریں گے کہ اس سلسلے کو جاری رکھیں اور پرفارمنس کو ہر میچ میں پہلے سے بہتر کریں۔ان کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنی بیسک بولنگ کریں، جب نئے گیند سے بولنگ کراتے ہیں تو کوشش ہوتی ہے کہ وکٹوں کے بیچ میں ایریا کو ٹارگٹ کریں اور ڈیتھ اوورز میں کوشش ہوتی ہے کہ سلوو گیند اور یارکرز کرائیں۔
رومان رئیس نے کہا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کا ماحول اس وقت کافی اچھا ہے، اچھی بری پرفارمنس تو ہوتی رہتی ہے اہم بات یہ ہے کہ ٹیم کا ماحول نہ خراب ہو، اس وقت ہر کسی کی سوچ مثبت ہے اور ٹیم تیسری مرتبہ ٹائٹل جیتنے کیلئے پرامید ہے۔
رومان رئیس کا کہنا تھا کہ وہ زیادہ دور کا نہیں سوچ رہے، پلاننگ ہر میچ اور ہر گیند کے مطابق کرتے ہیں، کوشش ہوتی ہے کہ ہر میچ میں ہر گیند سوچ سمجھ کر کرائیں اور اپنی صلاحیتوں کا بہترین استعمال کریں۔
واضح رہے کہ رومان رئیس ابتداء سے اسلام آباد یونائیٹڈ کا حصہ رہے ہیں، جب وہ انجرڈ بھی ہوئے تو اسلام آباد کی ٹیم نے انہیں ڈگ آؤٹ میں بطور بولنگ کنسلٹنٹ رکھا تاکہ کرکٹ سے دور نہ ہوں، گو کہ 2022 میں رومان رئیس ملتان سلطانز کا حصہ رہے تھے لیکن اس سال ایک بار پھر وہ اسلام آباد کا حصہ بنے ہیں۔