روزینہ علی: ملک کے بالائی علاقوں میں بارش کی پیشگوئی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے آج رات سے 23 اگست تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی ہے موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں مسلسل ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہورہی ہیں، جس کے باعث ویک اینڈ کے دوران مختلف علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے آج سے 23 اگست تک کشمیر، خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات اور خطہ پوٹھوہار میں بارش متوقع ہے، جبکہ پنجاب کے وسطی اضلاع میں بھی بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر اور گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کے نشیبی علاقوں میں طغیانی اور اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے محکمہ موسمیات کے مطابق اس دوران سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم رہے گا، جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔