سٹی 42: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایات پر 8 علاقائی پاسپورٹ دفاتر میں سروسز کے اوقات کار بڑھا دیے گئے، جہاں اب صبح 8 بجے سے رات 12 بجے تک دو شفٹوں میں کام ہوگا۔
توسیع شدہ اوقات کار فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، پشاور، راولپنڈی، حیدرآباد اور کوئٹہ کے پاسپورٹ دفاتر میں نافذ کردیئے گئے ہیں جہاں نئے اوقات کار کے تحت شہری اپنی سہولت کے مطابق اضافی وقت میں پاسپورٹ خدمات حاصل کرسکیں گے، جبکہ اس اقدام سے پاسپورٹ دفاتر میں انتظار کا وقت کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
حکام کے مطابق اوقات کار میں توسیع کا مقصد شہریوں کو بہتر سہولیات اور پاسپورٹ خدمات تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت زونل ہیڈز اور سینئر افسران کا اجلاس بھی ہوا، جس میں سروس ڈیلیوری، عوامی سہولیات اور علاقائی پاسپورٹ دفاتر سے متعلق پالیسی امور کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے کہا کہ شہریوں کو مؤثر، آسان اور عوام دوست پاسپورٹ سروسز فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔