سٹی 42 : وزیر اعظم شہباز شریف کی چینی وزیر خارجہ سے ملاقات ہوئی، جس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیر اعظم نے چین کی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا، ساتھ ہی قومی خودمختاری اور ترقی کے لیے اُن کی غیر متزلزل حمایت کو بھی سراہا۔ شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ کی قیادت اور دونوں ممالک کی "آہنی دوستی" کو مضبوط بنانے میں ان کے کردار کی تعریف کی۔
وزیر اعظم نے تجارتی، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت کاری اور معدنیات جیسے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے سی پیک کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی اور علاقائی رابطے کے لیے اہم قرار دیا اور سی پیک فیز II میں ہونے والی پیش رفت پر اطمینان ظاہر کیا۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے پاکستان کو "آہنی دوست" اور "آل ویدر سٹریٹجک پارٹنر" قرار دیا۔
وانگ یی نے پاکستان کے ساتھ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے علاقائی امن، ترقی اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام جاری رکھنے کا عزم دہرایا۔