سٹی42: موسلا دھار بارشوں کا ایک سپیل ختم ہوا نہیں اور دوسرے سپیل کی پیشین گوئی آ گئی۔ اب میٹ ڈیپارٹمنٹ نے ملک بھر میں 23 اگست سے 27 اگست تک موسلا دھار بارشیں ہونے اور تھنڈر سٹارم آنے کی پیشین گوئی کی ہے۔ ان دنوں کے دوران ژالہ برسنے کا بھی خطرہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی 23 سے 27 اگست کے دوران ملک میں مزید بارشوں کی پیشگوئی میں ان تمام علاقوں کی نشاندہی کی گئی ہے جہاں بارشیں ہونے اور تھنڈر سٹارم آنے کا زیادہ امکان ہے۔
22 اگست سے مون سون ہوائیں بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ یہ مون سون ہوائیں بحریہ عرب اور خلیج بنگال سے آ رہی ہیں۔
بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے۔
پنجاب
23 سے27 اگست کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، بھکر، لیہ، ڈی جی خان اور ملتان میں تیز بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا
23 سے 26 اگست کے دوران پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور باجوڑ میں بارشیں ہوں گی۔
کشمیر، جی بی
23 سے26 اگست کے دوران گلگت بلتستان اورکشمیر میں تیز بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بلوچستان
23 سے 25 اگست کے دوران کوئٹہ، ژوب، شیرانی، بارکھان، خضدار، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، پنجگور اور کیچ میں بارش کا امکان ہے۔
کراچی اور سندھ
میٹ ڈیپارٹمنٹ نے 23 سے 25 اگست کے دوران کراچی میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔
23 سے 25 اگست کے دوران سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، دادو، جیکب آباد اور جامشورو میں بھی بارش کا امکان ہے۔
فلیش فلڈ کا خطرہ کہاں
میٹ ڈیپارٹمنٹ نے بتایا کہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، پشاور، نوشہرہ، مردان، ایبٹ آباد، مانسہرہ، دیر، گلگت بلتستان اور کشمیر میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے عوام کو بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔