سٹی 42: چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی جاوید اقبال کی زیرصدارت بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 173 واں اجلاس منعقد کیا گیا، بورڈ نے قائداعظم بزنس پارک اور بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹ میں زیرو پوائنٹ تک ارزاں نرخوں پر گیس کی فراہمی کی منظوری دے دی۔۔
بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین اور سیکرٹری صنعت و تجارت عمر مسعود نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ ساجد سلیم منہاس، میاں نعمان کبیر، محمد احمد خان، شہزاد اعظم خان، ڈاکٹر شاہد رضا،سی ای او پیڈمک کپٹن ریٹائرڈ شعیب علی، سی او او پیڈمک علی معظم سید،سمیت محکمہ خزانہ کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
بورڈ نے سندر انڈسٹریل اسٹیٹ میں جامع مسجد کی توسیع ، پیڈمک کے سکریپ اور اثاثہ جات کے تصرف اور ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان سے مفاہمتی یاداشت کی منظوری دے دی۔ جبکہ قائداعظم بزنس پارک میں کمرشل ایریا کی فروخت اور کمرشل سرگرمیاں شروع کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دینے کی بھی منظوری دے گئی۔
چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں زیرو پوائنٹ تک گیس کی رسائی سے نہ صرف صنعتوں کو بروقت گیس کی فراہمی ممکن ہو سکے گی بلکہ مارکیٹ کی نسبت کم ریٹس سے پیداواری لاگت میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیڈمک اپنے زیر انتظام صنعتی زونز میں صنعتکاروں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔