موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم موسٹ وانٹڈ قرار، گرفتاری میں مدد پر 25 لاکھ انعام

 موٹروے زیادتی کیس، مرکزی ملزم موسٹ وانٹڈ قرار، گرفتاری میں مدد پر 25 لاکھ انعام
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

مال روڈ (عرفان ملک)موٹروے زیادتی کیس کا مرکزی ملزم عابد رواں سال کا موسٹ وانٹڈ ملزم قرار، پولیس کی تفتیشی ٹیمیں اور جدید ٹیکنالوجی بے سود، عوام سے ایک بار پھر ملزم کی گرفتاری کے لیے مدد مانگ لی گئی۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بہاولنگر سے مرکزی ملزم عابد کے بہنوئی جہانگیر اور عارف کو حراست میں لیا گیا تھا، تاہم اب پولیس نے ملزم عابد کے بہنوئی عارف کے بھائی صابر کو بھی حراست میں لے لیا ہے، زیر حراست ملزموں کی تصویریں بھی منظر عام پر آ گئی ہیں، پولیس نے مرکزی ملزم عابد کے 7 مختلف خاکے بھی تیار کر لیے، ملزم مختلف روپ دھار سکتا ہے، ملزم داڑھی، مو نچھ اور کلین شیو میں ہوسکتا ہے، خاکے تفتیشی ٹیموں کے حوالے کر دیئے،   پولیس نے ملزم کی ٹریول ہسٹری بھی حاصل کرلی، ملزم عابد ملہی پنجاب کے علاوہ صوبہ سندھ اور کے پی کے علاقوں میں بھی آتا جاتا رہا ہے، ٹریول ہسٹری کے مطابق ملزم عابد ملہی جام شورو، بونیر اور ہنگو میں بھی قیام کرتا رہا ہے۔

 حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے، ملزم عابد اپنے رشتے داروں کے ساتھ کچھ دن پہلے تک رابطے میں رہا جس کی بناء پر عابد کی گرفتاری کیلئے صابر کو حراست میں لیا گیا ہے۔  پولیس ذرائع کے مطابق اب تک عابد کے 11 رشتے دار پولیس حراست میں موجود ہیں۔

دوسری جانب موٹروے زیادتی کیس میں متاثرہ خاتون کی جانب سے بیان ریکارڈ نہیں کروایا گیا۔ تفتیشی افسروں کا کہنا ہے کہ بیان ریکارڈ نہ ہونے سے کیس کی تفتیش پر اثر پڑے گا، جبکہ گرفتار ملزم شفقت کی بھی تاحال شناخت پریڈ نہ ہو سکی، گرفتار ملزم شفقت کو عدالت نے چودہ روزہ ریمانڈ پر جیل بھجوایا، جس میں سے پانچ روز گزر چکے ہیں، ان چودہ دنوں میں ملزم کی شناخت پریڈ ہونا لازمی ہوتا ہے، اگر شناخت پریڈ نہ ہوئی تو کیس میں ملزم کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ 

سانحہ موٹروے زیادتی کیس کو گیارہ روز گزر چکے ہیں لیکن پولیس کے اربوں روپے کے وسائل اور جدید ٹیکنالوجی بھی مرکزی ملزم عابد ملہی کی گرفتاری میں مدد گار ثابت نہ ہو سکی، پولیس نے ملزم کی تصاویر آفیشل طور پر میڈیا کو جاری کر دی ہیں۔

  پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم عابد کی گرفتاری میں مدد پر25لاکھ روپے کا انعام دیا جائے گا، ملزم کے بارے میں اطلاع دینے والے کانام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

دوسری جانب آئی جی پنجاب نے بھی عوام سے مدد کیلئے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ملزم کی ویڈیو اپ لوڈ کر دی ہے۔

Sughra Afzal

Content Writer