شہدائے کربلا کی یاد میں لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس اور مجالس

 شہدائے کربلا کی یاد میں لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس اور مجالس
کیپشن: City42 - 9th Muharram
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(سٹی42) شہدائے کربلا کی یاد میں آج لاہور سمیت ملک بھر میں جلوس نکالے جارہے ہیں اور مجالس عزا برپا کی جارہی ہیں، اس موقع پر  شہر بھر میں سکیورٹی کے سخت  انتطامات کیے گئے ہیں۔

قتلِ حسین اصل میں مرگ یزید ہے

اسلام زندہ ہوتا ہے ہر کربلا کے بعد

نواسہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد میں آج جگہ جگہ مجالس اور جلوس شبیہ علم کے جلوس برآمد کیے جارہے ہیں، لاہور میں پانڈوسٹریٹ اسلام پورہ میں شبیہ ذوالجناح کا برآمد ہونے والا مرکزی جلوس مقررہ راستوں کی جانب گامزن ہے۔مرکزی جلوس میں عزادار نوحہ خوانی،گریہ زاری اور ماتم داری کررہے ہیں۔

غریب سادہ و رنگیں ہے داستان حرم

نہایت اس کی حسین ابتدا ہے اسماعیل

مرکزی جلوس عالمگیر روڈاور سراج بلڈنگ چوک پہنچ گیا جہاں عزاداروں نے نمازظہرین اداکی ہے، ذرائع کے مطابق جلوس نیلی بارموڑ سےہوتاہوا سیکرٹریٹ، چرچ روڈ سےپرانی انارکلی پہنچے گا جہاں علامہ حسن عباس نقوی کی امامت میں نمازمغربین ادا کی جائے گی۔ جلوس اے جی آفس،خیمہ سادات جین مندرسے رات 12بجےمنزل پرپہنچے گا۔

نویں محرم الحرام کی مناسبت سے لاہور میں جلوس اور مجالس کا سلسلہ جاری ہے، شہر کے مختلف مقامات سے شبیہ ذوالجناح کے جلوس برآمد ہورہے ہیں۔ نکلسن روڈ پر مجلس عزا کا اہتمام کیا گیا, مجلس عزا میں عطیہ اہل بیت امام بارگاہ میں علامہ ذوالفقار نقوی نے فضائل ومصائب اہلِ بیت بیان کیے۔ جس میں عزاداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

ایبٹ روڈ پر امام بارگاہ گلستان زہرہ میں بھی مجلس عزا ہوئی جس میں علامہ علی محمد نقوی نے فضائل و مصائب اہل بیت بیان کیے۔موری دروازہ امام بارگاہ دربارحسینؑ سے شبیہ ذوالجناح کا قدیمی جلوس برآمد ہوا۔ جہاں عزادار حسین امام عالی مقام کو اپنے اپنے انداز میں پرسہ دیتے رہے۔

محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کی وجہ سے  شہر بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جلوس کے روٹس پر موبائل سروس بند رہے گی اور ڈبل سواری پر پابندی ہوگی۔

یاد رہے کہ یوم عاشور کے سلسلے میں دو دن عام تعطیل ہوگی،تمام سرکاری ،غیر سرکاری ادارے بند رہیں گے،پنجاب حکومت نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔

Sughra Afzal

Content Writer