ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے؛ وزیراعظم

ملک کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے؛ وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی 42 : وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھوٹے و درمیانے پیمانے (SMEs) کی صنعتوں میں خواتین کی شمولیت کو بڑھانے کیلئے اقدامات خوش آئند ہے، اس اقدام کی آگاہی بڑھائی جائے، گھریلو صنعتوں کی رجسٹریشن کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ انہیں کاروباری وسعت کیلئے قرض کے حصول میں آسانی ہو. 

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت سمیڈا کی تنظیم نو اور ایس ایم ایز کی ترقی پر جائزہ اجلاس ہوا۔ جس میں وفاقی وزراء احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی. 

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ سمیڈا کے روڈ میپ کے اطلاق کی واضح مدت طے ہو اور اطلاق جلد سے جلد یقینی بنایا جائے. شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی صنعتی ترقی گھریلو، چھوٹے اور درمیانے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی سے مشروط ہے. ترقی یافتہ ممالک میں بڑی صنعتوں کا خام مال ایس ایم ایز فراہم کرتی ہیں. 

وزیراعظم نے کہا کہ زرعی اجناس کی پراسیسنگ کیلئے دیہی علاقوں میں ایس ایم ایز کے حوالے سے تربیت یقنی بنائی جائے. 

وزیرِ اعظم نے سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے وزارت صنعت و پیداوار کے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

اجلاس کو سمیڈا کی تنظیمِ نو اور ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی، بتایا گیا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ایس ایم ایز کی ترقی کیلئے دفاتر کھول دیئے گئے ہیں جس کی عوام و چیمبرز کی طرف سے پزیرائی کی جارہی ہے. سمیڈا کا نجی شعبے کے ماہرین پر مشتمل بورڈ تشکیل دیا جا چکا جبکہ آئندہ چند روز میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر کی تعیناتی مکمل کرلی جائے گی. اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ اسٹرینگ کمیٹی کے احکامات کی بدولت ایس ایم ایز کی استعداد، قرضوں کی فراہمی، سرمائے اور اشتراک میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے. 

اجلاس کو بتایا گیا کہ خواتین کی ایس ایم ایز شعبے میں حوصلہ افزائی کیلئے Womenpreneurship Platform تشکیل دیا جارہا ہے جو مصنوعی ذہانت پر مبنی ہوگا. یہ پلیٹ فارم خواتین کو کاروباری شعبے کے حوالے سے مکمل معلومات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ رجسٹریشنز، ٹیکس معاملات اور ہنر کی آگاہی بھی دے گا. 

اجلاس کو ایس ایم ایز کو رسمی معیشت کا حصہ بنانے کیلئے اقدامات کا روڈ میپ بھی پیش کیا گیا.