(مانیٹرنگ ڈیسک) پنجاب میں ضمنی الیکشن میں بدترین شکست کے بعد مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کو منظم کرنے کیلئے بڑے فیصلے کرلیے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کی لیگی رہنماؤں کے حوالے سے مسلسل مشاورت ہوئی ہے، نواز شریف نے وطن واپسی تک پاکستان میں پارٹی کا عبوری سیٹ اپ بنانے پر بھی غور کیا ہے، عبوری سیٹ اپ کے سربراہ کو پارٹی کے تمام معاملات اور اہم امور پر فیصلہ سازی کا اختیار ہو گا۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے لیگی رہنماؤں کی ضمنی انتخابات میں شکست پر تاویلیں مسترد کردیں، پارٹی کی تنظیم سازی کا عمل مکمل نہ کرنے اور پارٹی کو وقت نہ دینے والے حکومتی عہدے داروں کے متعلق شکایات پر نواز شریف نے حکومتی اور پارٹی عہدے علیحدہ علیحدہ کرنے کا عندیہ دے دیا.
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبوری سیٹ اپ میں مریم نواز کو کلیدی کردار دیا جائے گا، عبوری سیٹ اپ کے لیے مریم نواز کے ساتھ پارٹی کے اہم رہنماؤں پر مشتمل ٹیم بنائی جائے گی، عبوری سیٹ اپ میں پارٹی کے متحرک، فعال اور سخت موقف رکھنے والے رہنماؤں کو شامل کیا جائے گا, مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف چند روز میں پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد اس کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔