ویب ڈیسک:پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری سخت اسپورٹس تناؤ کے باوجود دبئی میں جاری ٹی 10 لیگ کے دوران ایک خوشگوار واقعہ سامنے آیا، پاکستانی فاسٹ بولر شاہنواز دھانی اور بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ کے درمیان ہونے والا دوستانہ مصافحہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
بدھ کی رات کھیلے گئے میچ میں دھانی نے عمدہ کارکردگی دکھاتے ہوئے اپنی ٹیم نادرن وارئیرز کو چار رنز سے سنسنی خیز فتح دلائی۔
میچ ختم ہونے کے بعد دھانی ہربھجن کے پاس گئے اور ان سے گرمجوشی سے ہاتھ ملایا، جو ایک عرصے بعد دونوں ملکوں کے کھلاڑیوں کے درمیان ایسی مثبت جھلک تھی۔
اس لمحے کی ویڈیو سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی، کئی صارفین نے اس اقدام کو مثبت اسپورٹس مین شپ قرار دیا جبکہ کچھ افراد نے دونوں کھلاڑیوں پر تنقید کی، موجودہ حالات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہربھجن سنگھ کو بھی بھارت میں بعض حلقوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، جبکہ وہ اب تک اس واقعے پر باضابطہ ردعمل نہیں دے سکے۔
واضح رہے کہ رواں سال کے ایشیا کپ کے دوران بھارتی کھلاڑیوں نے اپنی ہٹ دھرمی دکھاتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم سے مصافحہ نہیں کیا تھا جس کے بعد بھارت نے یہ روش ہر میدان میں دکھائی، اس پس منظر میں دھانی اور ہربھجن کا مصافحہ ایک خوشگوار تبدیلی سمجھا جا رہا ہے۔