( ریحان گل/علی ساہی ) پنجاب میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کیا جائے گا، رجسٹریشن اوراین او سی کی معلومات آن لائن فراہم کرنے کا فیصلہ، محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے منصوبے پر کام شروع کردیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے لاہور سمیت صوبے بھر میں ٹرانسپورٹ کے نظام کو ڈیجیٹلائز کرنے پر کام شروع کردیا ہے۔ منصوبے کے تحت وہیکل رجسٹریشن، این او سی سمیت پبلک ٹرانسپورٹ سے متعلقہ مسائل آن لائن کردئیے جائیں گے۔ ان سے متعلقہ تمام معلومات کے لئے ہیلپ لائن قائم کی جائے گی۔
پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سٹیزن کانٹیکٹ سنٹر کے ذریعے ٹرانسپورٹ سے متعلقہ معلومات بھی فراہم کرے گا۔ اس مقصد کے لئے محکمہ ٹرانسپورٹ اور پی آئی ٹی بی میں معاملات طے پا گئے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب میں ٹرانسپورٹ پولیس فورس کے قیام کا حتمی پلان تیار کرلیا گیا ہے۔ پنجاب ٹرانسپورٹ پولیس کے لیے پہلے مرحلے میں تین سو سے زائد کی فورس ہو گی۔ فورس میں ڈائریکٹر انفورسمینٹ، چیف ٹرانسپورٹ انسپکٹر، ٹرانسپورٹ سب انسپکٹر اور ٹرانسپورٹ سارجنٹ ہوں گے۔
پنجاب حکومت ماس ٹرانزٹ کی صرف سیکورٹی کے لیے سالانہ 70 کروڑ روپے کے اخراجات کررہی ہے۔ پنجاب حکومت نئی ٹرانسپورٹ پولیس سے سالانہ ہونے والے اخراجات کم کرسکے گی۔ ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق نئی فورس سے حکومت سالانہ ڈیڑھ ارب روپے کے ذرائع آمدن حاصل کرسکتی ہے۔