علامہ خادم حسین رضوی کے جنازے کے انتظامات مکمل، سکیورٹی پلان بھی تیار

علامہ خادم حسین رضوی کے جنازے کے انتظامات مکمل، سکیورٹی پلان بھی تیار
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( سٹی 42 ) تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے جنازے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے گئے، میت کو آج  سبزہ زار گراؤنڈ سے ہیلی کاپٹر کی مدد سے مینار پاکستان لایا جائے گا۔

خادم حسین رضوی کی میت کو ان کے گھر سے ایمبولینس میں سبزہ زار کرکٹ گراؤنڈ لایا جائے گا، پولیس ذرائع کے مطابق سبزہ زار سے خادم حسین رضوی کی میت کو سرکاری ہیلی کاپٹر میں مینار پاکستان گراؤنڈ میں لے جایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ تدفین کے متعلق تاحال فیصلہ نہیں ہو سکا۔ مولانا خادم حسین رضوی کی تدفین لاہور میں کرنے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

پولیس نے نماز جنازہ کے موقع پر سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا ہے۔ گریٹر اقبال پارک کے پانچوں گیٹ پر بھاری نفری تعینات کی جائے گی، امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے 50 ریزرویں تعینات کی جائیں گی۔ نماز جنازہ کے موقع پر ایلیٹ فورس کے کمانڈوز کے علاوہ اینٹی رائٹ فورس اور سٹی ٹریفک پولیس کے اہلکار بھی تعینات ہونگے۔

تمام پولیس اہلکاروں کو ہفتہ صبح 7 بجے ڈیوٹی پوائنٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ شہر میں ٹریفک اور امن و امان کے انتظامات کو بہتر رکھنے کے لیے میت کو ہیلی کاپٹر پر لے جانے کا پلان بنایا گیا۔ دوسری جانب ٹریفک پولیس کی جانب سے چوک یتیم خانہ سے سکیم موڑ تک ٹریفک کو متبادل راستے فراہم کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہے خادم حسین رضوی کی اسلام آباد سے واپسی پر طبعیت خراب ہوئی، انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی اور انہیں بخار بھی تھا۔ خادم حسین رضوی کو طبیعت ناساز ہونے پر شیخ زید ہسپتال لے جایا گیا۔ خادم حسین رضوی ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔ ہسپتال پہنچنے پر ڈاکٹرز نے خادم حسین رضوی کی موت کی تصدیق کی۔