ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کے بھارتی الزام کو مسترد کر دیا

پاکستان نے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کے بھارتی الزام کو مسترد کر دیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:  پاکستان نے بھارت کی جانب سے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی مبینہ کوشش سے متعلق الزامات کو بے بنیاد اور گمراہ کن قرار دے کر سختی سے مسترد کر دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے کبھی گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش نہیں کی اور اس حوالے سے بھارتی دعوے میں کوئی صداقت نہیں۔ گولڈن ٹیمپل سکھ عقیدے کا سب سے مقدس اور قابل احترام مقام ہے۔ پاکستان نہ صرف اس کا احترام کرتا ہے بلکہ سکھ مذہب کے متعدد مقدس مقامات کا قابل فخر محافظ بھی ہے۔

ترجمان کے مطابق پاکستان نے الزام عائد کیا کہ عبادت گاہوں کو نشانہ بنانے کا ریکارڈ بھارت کا اپنا ہے۔ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب پاکستان میں مختلف عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا گیا، جس کا مقصد مذہبی منافرت کو ہوا دینا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان ہر سال دنیا بھر سے آنے والے ہزاروں سکھ یاتریوں کا کھلے دل سے خیرمقدم کرتا ہے اور کرتارپور راہداری کے ذریعے ویزہ فری رسائی فراہم کر کے مذہبی رواداری کا عملی مظاہرہ کرتا ہے۔

یاد رہے کہ بھارتی میڈیا کی جانب سے حالیہ دنوں میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ پاکستان کی جانب سے گولڈن ٹیمپل کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ اس بیان کو پاکستان نے فالس فلیگ پروپیگنڈا قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا۔ ماہرین کے مطابق یہ بھارتی الزامات سیاسی مقاصد کے تحت عائد کیے جا رہے ہیں تاکہ بین الاقوامی برادری کی توجہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور اقلیتوں کے خلاف مظالم سے ہٹائی جا سکے۔