ویب ڈیسک: بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی کو سکھوں کی تاریخ پر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے گمراہ کن ویڈیو بنانے پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد انہوں نے ویڈیو کو اپنے یوٹیوب چینل سے حذف کر دیا۔
ویڈیو میں تاریخی حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا۔ دھروو راٹھی کی یہ ویڈیو جس کا عنوان "سکھ جنگجو جس نے مغلوں کو خوفزدہ کیا" رکھا گیا تھا۔ 24 منٹ 37 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو میں یوٹیوبر نے AI کی مدد سے سکھ گروؤں کی تصویری جھلکیاں دکھانے کی کوشش کی جو سکھ کمیونٹی کے مطابق توہین آمیز اور گمراہ کن تھیں۔
ویڈیو کے منظرعام پر آنے کے بعد سکھ کمیونٹی کی جانب سے شدید ردِعمل سامنے آیا۔شرومنی اکالی دل (SAD)، شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی (SGPC) سمیت دیگر سکھ تنظیموں نے ویڈیو کو تاریخی مسخ شدگی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔
سکھبیر سنگھ بادل نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ ہماری جماعت ہمارے گرو صاحبان کی نامناسب تصویر کشی کرنے والی اس ویڈیو کی سخت مذمت کرتی ہے۔ یہ ویڈیو ہمارے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچانے کا باعث بنی ہے۔
دھروو راٹھی کی جانب سے ویڈیو ہٹائے جانے کے باوجود سکھ برادری اور رہنماؤں کا مطالبہ ہے کہ یوٹیوبر سرعام معافی مانگیں اور مستقبل میں مقدس ہستیوں اور تاریخ سے متعلق مواد میں احتیاط برتیں۔