(شاہین عتیق) احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار مسلم لیگ (ن) کے رہنما وسابق وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف کے جوڈیشل ریمانڈ میں 3 جون تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو ریفرنس جلد پیش کرنے کا حکم دیدیا۔
احتساب عدالت کے ایڈمن جج شیخ سجاد احمد کی عدالت میں سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کو ہسپتال سے لا کر پیش کیا گیا۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ خواجہ آصف کا جوڈیشل ریمانڈ ختم ہو چکا ہے، ریمانڈ میں توسیع کی جائے، عدالت نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ریفرنس کا کیا کیا، جس پر پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ ریفرنس تیار کیا جا رہا ہے، عدالت نے حکم دیا کہ ریفرنس جلد پیش کریں، عدالت نے خواجہ محمد آصف کی حاضری کے بعد جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے تین جون کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
اس موقع پر خواجہ آصف سے اظہار یکجہتی کیلئے ڈسکہ کی ایم این اے نوشین افتخار عدالت آئیں، ملاقات کے دوران خواجہ آصف نے نوشین افتخار کو کامیابی پر مبارک باد دی، اس دوران دیگر مسلم لیگی رہنما اور کارکن بھی موجود تھے جنہوں نے خواجہ آصف کے حق میں نعرے بازی کی۔
واضح رہےکہ22 دسمبر 2020 کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں خواجہ محمد آصف کو اسلام آباد سےگرفتار کیا تھا۔