کلیم اختر: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلساز مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے بڑی کارروائی کی ہے۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے ٹیموں کے ہمراہ 19 کلومیٹر ملتان روڈ پر واقع ایک کولڈ اسٹور پر چھاپہ مارا، جہاں سے عید پر سپلائی کے لیے رکھا گیا ایکسپائرڈ فروزن گوشت برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔
حکام کے مطابق مجموعی طور پر 3 ہزار کلو سے زائد ناقص، باسی اور فنگس زدہ چکن و گوشت تلف کیا گیا، جبکہ ذمہ داران پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
معائنے کے دوران سٹور کیے گئے بون لیس گوشت پر لازمی لیبل موجود نہیں تھا، جبکہ تفصیلی چیکنگ کے بعد گوشت انسانی استعمال کے لیے مضر قرار دیا گیا۔
مزید انکشاف ہوا کہ ایکسپائرڈ گوشت کو چھپانے کے لیے اسے تازہ گوشت کے ساتھ رکھا گیا تھا، جبکہ درجہ حرارت کے ریکارڈ اور فارورڈ و بیک ورڈ ٹریسیبیلٹی کا کوئی مناسب ریکارڈ بھی موجود نہیں تھا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ عید کی چھٹیوں کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیمیں مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں گی، جبکہ افسران تین شفٹوں میں مختلف فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کریں گے تاکہ شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔