ویب ڈٰسک: سوشل میڈیا کمپنی میٹا نے آن لائن مواد تخلیق کرنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے ایک نیا مالی پروگرام متعارف کرا دیا ہے، جس کا مقصد دیگر پلیٹ فارمز پر سرگرم مشہور کریٹرز کو فیس بک پر منتقل کرنا ہے۔
کمپنی کی جانب سے شروع کیے گئے “کریٹر فاسٹ ٹریک پروگرام” کے تحت ایسے صارفین کو خصوصی مراعات دی جائیں گی جو پہلے ہی ٹک ٹاک یا یو ٹیوب پر نمایاں فالوونگ رکھتے ہیں۔ اس اسکیم میں شامل افراد کو نہ صرف زیادہ ناظرین تک رسائی ملے گی بلکہ انہیں ماہانہ مالی فوائد بھی فراہم کیے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق، اگر کسی کریٹر کے انسٹاگرام، ٹک ٹاک یا یوٹیوب پر ایک لاکھ فالوورز ہیں تو وہ ماہانہ تقریباً 1000 ڈالر کما سکتا ہے، جبکہ 10 لاکھ یا اس سے زائد فالوورز رکھنے والوں کے لیے یہ رقم بڑھا کر 3000 ڈالر ماہانہ تک رکھی گئی ہے۔ تاہم اس کے لیے ضروری ہوگا کہ کریٹرز اپنی ویڈیوز اور دیگر مواد فیس بک پر بھی شیئر کریں۔
یہ مالی سہولت ابتدائی طور پر تین ماہ تک یقینی بنائی گئی ہے۔ اس مدت کے بعد منتخب کریٹرز کو فیس بک کے باضابطہ مونیٹائزیشن پروگرام میں شامل کر دیا جائے گا، جس کے ذریعے وہ مزید آمدنی حاصل کر سکیں گے اور ان کی رسائی بھی وسیع تر ہوگی۔
پروگرام میں شمولیت کے لیے ایک شرط یہ بھی رکھی گئی ہے کہ صارفین کو 30 دن کے اندر کم از کم 15 ریلز اپلوڈ کرنا ہوں گی، اور یہ مواد کم از کم 10 مختلف دنوں میں پوسٹ کیا جانا چاہیے۔ کمپنی کے مطابق، مواد اصل ہونا چاہیے، البتہ اسے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے تیار کیا جا سکتا ہے۔
میٹا نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ سال 2025 کے دوران اس نے اپنے صارفین کو مجموعی طور پر 3 ارب ڈالرز کی ادائیگی کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 35 فیصد زیادہ ہے۔ ان ادائیگیوں کا بڑا حصہ ریلز ویڈیوز سے وابستہ تھا۔
یاد رہے کہ فیس بک کے دنیا بھر میں صارفین کی تعداد 3 ارب سے تجاوز کر چکی ہے، تاہم اس کے باوجود پلیٹ فارم کو مقبول ڈیجیٹل کریٹرز کو اپنی طرف راغب کرنے میں سخت مقابلے کا سامنا ہے، خصوصاً ٹک ٹاک اور یوٹیوب جیسے پلیٹ فارمز سے۔