سٹی 42 : اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر آصف علی زرداری نے نوروز کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان میں اور خطے کے اُن تمام علاقوں میں جہاں نوروز منایا جاتا ہے، اس قدیم تہوار کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، جو بہار کی آمد کی نوید لاتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ایران، وسطی ایشیا، مغربی ایشیا، جنوبی ایشیا اور ملحقہ خطوں میں صدیوں سے نوروز کو ایک نئے موسم کے آغاز کے طور پر منایا جاتا رہا ہے۔ یہ فطری نظام میں سال کے بدلنے کا اشارہ ہے، جب دن اور رات، روشنی اور تاریکی نہ صرف توازن میں آتے ہیں بلکہ تاریکی بتدریج کم ہوتی ہے اور روشنی بڑھنے لگتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جو اقوام اسے مناتی ہیں، اُن کے لیے یہ دن تجدید، ازسرِ نو پیدائش، تازگی اور روشنی کی تاریکی پر اور زندگی کی موت پر فتح کی علامت رہا ہے۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں، مذاہب اور روایات کا حامل ایک ملک ہے۔ مختلف برادریاں اپنے اپنے انداز میں اپنے تہوار مناتی ہیں، جو ہمارے شہروں اور قصبوں کے رنگ و آہنگ میں اضافہ کرتی ہیں۔ یہ تنوع طویل عرصے سے ہماری قومی زندگی کا حصہ رہا ہے اور آج بھی ہماری مشترکہ طاقتوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جب نوروز آ رہا ہے تو ہماری سوچیں اور دعائیں خطے کے اُن لوگوں کے ساتھ بھی ہیں جو مشکل اور تکلیف دہ حالات میں بہار کا استقبال کر رہے ہیں۔ اُن علاقوں میں جہاں یہ تہوار طویل عرصے سے تجدید کی علامت رہا ہے، اب یہ موسم ٹوٹے ہوئے اسکولوں اور اسپتالوں کے ملبے اور تشدد کے باقی ماندہ اثرات کے درمیان آتا ہے۔ ایسے وقت میں جب بہار خوشی لاتی ہے، بہت سے خاندان نقصان اور غیر یقینی صورتحال کا سامنا کر رہے ہیں۔ نوروز کے کچھ علاقوں میں بہار کے پھول ملبے اور خون سے ڈھکے ہوئے ہیں، اور بارود کی بو ان پھولوں کی خوشبو پر غالب آ چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک افغانستان میں، جہاں صدیوں سے نوروز منایا جاتا رہا ہے، ایک ناجائز طالبان حکومت نے لوگوں کو اس تہوار سے بھی محروم کر دیا ہے۔ افغانستان کے اُن لوگوں کے لیے جو طویل عرصے سے مشکلات کا شکار ہیں، میں خصوصی طور پر نوروز کی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور امید کرتا ہوں کہ یہ نوروز اُن کی طویل تاریک رات کے خاتمے کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ میں اس نوروز پر پُرامید ہوں کہ جنگ کے بادل چھٹ جائیں گے اور نیلا آسمان دوبارہ روشن دھوپ کے ساتھ لوٹ آئے گا۔ بہار کے آغاز پرمیری دعا ہے کہ یہ موقع اس تہوار کو منانے والوں کے لیے امن، استحکام اور امید لے کر آئے۔
عیدِ نوروز مبارک۔
پاکستان زندہ باد۔