ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

محرم: دفعہ 144 نافذ،کوئٹہ میں ڈبل سواری بند

محرم: دفعہ 144 نافذ،کوئٹہ میں ڈبل سواری بند
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:حکومتِ بلوچستان نے محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور امن و امان کے پیشِ نظر صوبے بھر میں خصوصی انتظامات نافذ کر دیے ہیں۔محرم کے پہلے عشرے میں اجتماعات، جلوسوں اور عوامی سرگرمیوں سے متعلق مختلف پابندیوں اور ضابطوں پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

حکومتِ بلوچستان نے یکم محرم سے 10 محرم الحرام تک صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق اس عرصے کے دوران اشتعال انگیز، فرقہ وارانہ اور نفرت آمیز مواد کی تشہیر پر مکمل پابندی ہوگی، جبکہ سوشل میڈیا اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی ایسے مواد کی اشاعت ممنوع قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق اسلحہ اور گولہ بارود کی نمائش یا عوامی مقامات پر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، جبکہ حساس مقامات اور جلوسوں تک مشتبہ افراد کی رسائی محدود رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ عوامی مقامات اور جلوسوں کے راستوں پر پیشہ ور بھکاریوں کی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے۔

حکومت نے کوئٹہ میں محرم کے دوران موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر مکمل پابندی عائد کی ہے، جبکہ بیرون ضلع لاؤڈ اسپیکر استعمال کرنے کے لیے پیشگی اجازت لینا لازمی ہوگا۔

مزید یہ کہ جلوسوں کے راستوں پر واقع عمارتوں کی چھتوں اور بالکونیوں میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی، جبکہ کوئٹہ اور نصیرآباد میں وال چاکنگ، بینرز، پوسٹرز اور پمفلٹس لگانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

حکومتِ بلوچستان نے خبردار کیا ہے کہ احکامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 اور دیگر متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی، جبکہ ضلعی انتظامیہ، پولیس اور متعلقہ اداروں کو سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔