طاہر جمیل: پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ناکافی قرار دیا ہے اور حکومت سے مزید ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس حوالے سے منعقدہ پریس کانفرنس میں پاکستان منی مزدا ایسوسی ایشن کے صدر چودھری تنویر احمد جٹ، سرپرست اعلیٰ محمد الطاف مکھن پہلوان، چیئرمین زبیر باجوہ، بانی راؤ طاہر خان، صدر نعیم جٹ اور اظہار الحسن چوہان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر چودھری تنویر احمد جٹ نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، تاہم موجودہ کمی عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے ناکافی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جنگی صورتحال سے قبل جو قیمتیں مقرر تھیں، انہیں دوبارہ بحال کیا جائے تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔
انہوں نے کہا کہ ایران پر تجارتی پابندیوں کے خاتمے کے بعد پاکستان کو ایران سے سستی پٹرولیم مصنوعات خریدنے پر غور کرنا چاہیے، جس سے ملک میں ایندھن کی قیمتوں میں مزید کمی لائی جا سکتی ہے۔
تنویر احمد جٹ کا کہنا تھا کہ اگر پٹرولیم مصنوعات، خصوصاً ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کی جاتی ہے تو اس کے مثبت اثرات براہِ راست ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر پڑیں گے، جس سے غریب اور متوسط طبقے کو خاطر خواہ ریلیف ملے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا سب سے زیادہ فائدہ عام شہریوں تک پہنچے گا اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں مزید کمی کی صورت میں عوامی مشکلات میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔