طاہر جمیل: والٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے ٹیکس نادہندگان کے لیے بڑی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے 30 جون 2026 تک ٹیکس ادائیگی پر 10 فیصد ڈسکاؤنٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
بورڈ انتظامیہ کے مطابق شہری مقررہ تاریخ سے قبل اپنے واجبات جمع کرا کے 10 فیصد رعایت سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور اضافی جرمانے سے بھی بچ سکتے ہیں اعلان کے مطابق ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لیے 20 اور 27 جون بروز ہفتہ بھی بورڈ آفس میں قائم بینک کھلا رہے گا تاکہ شہری آسانی سے اپنے ٹیکس جمع کرا سکیں۔
والٹن کنٹونمنٹ بورڈ نے خبردار کیا ہے کہ 30 جون کے بعد رعایتی سہولت ختم ہو جائے گی اور ٹیکس نادہندگان کو واجبات کے ساتھ 10 فیصد اضافی جرمانہ بھی ادا کرنا پڑے گا۔
انتظامیہ نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ آخری تاریخ کا انتظار کیے بغیر جلد از جلد ٹیکس ادا کریں، رعایت حاصل کریں اور ممکنہ جرمانوں سے بچیں۔
بورڈ کے مطابق ٹیکس وصولیوں کے عمل کو مؤثر بنانے اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے خصوصی بینک اوقات کار بھی مقرر کیے گئے ہیں۔