طاہر جمیل:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات عوام تک پہنچ گئے ہیں، جس کے بعد پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں ریکارڈ کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ گڈز ٹرانسپورٹرز نے بھی کرایوں میں 15 فیصد تک کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پبلک ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں کمی پر اتفاق کیا۔
سیکرٹری آر ٹی اے کے مطابق تمام ٹرانسپورٹ کمپنیاں نئی کرایہ لسٹیں مرتب کر رہی ہیں اور کمی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا، جبکہ خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی۔
نئے کرایوں کے مطابق کراچی بزنس کلاس کا کرایہ 10 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 8 ہزار 550 روپے مقرر کر دیا گیا ہے، جبکہ کراچی اکانومی کلاس کا کرایہ 8 ہزار 450 روپے سے کم ہو کر 7 ہزار روپے کر دیا گیا ہے۔
لاہور سے ایبٹ آباد کا کرایہ 3400 سے کم ہو کر 2800 روپے، بہاولنگر کا 2350 سے کم ہو کر 1950 روپے، لاہور سے فیصل آباد کا 1085 سے کم ہو کر 900 روپے، ڈیرہ غازی خان کا 2600 سے کم ہو کر 2130 روپے، لاہور سے حافظ آباد کا 2200 سے کم ہو کر 1800 روپے جبکہ لاہور سے لاڑکانہ کا کرایہ 8450 سے کم ہو کر 6930 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ٹرانسپورٹ حکام کے مطابق کرایوں میں کمی کا مقصد عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کرنا اور پٹرولیم قیمتوں میں کمی کے ثمرات عام شہری تک پہنچانا ہے۔