وقاص احمد: چوتھے محرم الحرام کے موقع پر عزاداری جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر بھر میں منعقد ہونے والے پروگراموں کی نگرانی اور حفاظت کیلئے 3 ہزار 176 پولیس افسران اور جوان تعینات کیے گئے ہیں۔
فیصل کامران کا کہنا ہے کہ آج مختلف علاقوں میں برآمد ہونے والے 16 عزاداری جلوسوں کیلئے خصوصی سکیورٹی پلان نافذ کر دیا گیا ہے، جبکہ مرد و خواتین کی 412 مجالس کے انعقاد کیلئے بھی تمام حفاظتی انتظامات مکمل ہیں۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ لاؤڈ اسپیکر ایکٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے علماء کرام اور ذاکرین پر زور دیا کہ اپنے خطبات اور تقاریر میں امن، بھائی چارے اور سلامتی کا درس دیں۔
فیصل کامران نے مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ اوقات اور طے شدہ ضابطہ کار کی پابندی یقینی بنائیں تاکہ سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات مؤثر انداز میں برقرار رکھے جا سکیں۔
پولیس حکام کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام کیلئے تمام متعلقہ ادارے الرٹ ہیں اور عزاداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے جامع اقدامات کیے گئے ہیں۔