ویب ڈیسک: مہنگی بجلی کا بوجھ ملکی معیشت کے لیے بڑا چیلنج بن گیا، توانائی شعبے کے ماہر نے موجودہ پالیسیوں پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔
سابق ایم ڈی پیپکو اور توانائی امور کے ماہر طاہر بشارت چیمہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بڑھتی مہنگائی کے پیچھے سب سے اہم عنصر بجلی کی بلند قیمتیں ہیں۔ ان کے مطابق بجلی کی لاگت میں مسلسل اضافے نے معاشی سرگرمیوں کو متاثر کیا اور معیشت پر دباؤ میں اضافہ کیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ بجلی کے بڑھتے نرخ نہ صرف کاروباری سرگرمیوں بلکہ عام صارفین کی زندگی پر بھی براہِ راست اثر ڈال رہے ہیں۔
طاہر بشارت چیمہ کا کہنا تھا کہ بجلی مہنگی ہونے کی ایک بڑی وجہ آئی پی پیز کے ساتھ کیے گئے معاہدے ہیں، جن کے باعث صارفین پر اضافی مالی بوجھ پڑتا ہے۔
مزید برآں، انہوں نے تجویز دی کہ بجلی کے بلوں میں شامل فکسڈ چارجز اور دیگر اضافی ٹیکسز پر نظرِثانی کرتے ہوئے انہیں کم یا ختم کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔