ویب ڈیسک :سدھو موسے والا کی ٹیم کی جانب سے 14 جولائی کو ایک ویڈیو پوسٹ کی گئی جس میں ’سائنڈ ٹو گاڈ، ورلڈ ٹور-2026‘ لکھا تھا، یہ پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہے کہ تین سال قبل قتل ہوجانے والے سدھو موسے والا کا ورلڈ ٹور 2026 میں ہوگا۔
تاہم ابھی تک کوئی باضابطہ مقام یا شیڈول شیئر نہیں کیا گیا ہے۔ مختلف میڈیا ہاؤسز سے بات چیت میں سدھو موسے والا کی ٹیم نے بتایا کہ فی الحال تیاریاں زوروں پر ہیں اور اس ٹور کے بارے میں تمام معلومات صرف سدھو موسے والا کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے ہی مداحوں سے شیئر کی جائیں گی۔
سدھو موسے والا کے مداح اس خبر کو لے کر پرجوش بھی ہیں اور حیران بھی کہ جو شخص اس دنیا میں موجود ہی نہیں، اس کا ورلڈ ٹور آخر کیسے ممکن ہے؟موسے والا کی ٹیم کی جانب سے شیئر کی گئی ویب سائٹ ’سائنڈ ٹو گاڈ‘ کے مطابق یہ ایک ’ہولوگرام شو‘ ہوگا۔
ویب سائٹ پر شیئر کی گئی معلومات میں لکھا گیا ہے کہ یہ ان کا پہلا ہولوگرام ٹور ہوگا، جو موسے والا کو خراجِ عقیدت ہوگا، جس میں ٹیکنالوجی اور جذبات کا امتزاج نظر آئے گا۔ دنیا بھر میں موجود ان کے مداح ایک بار پھر ان کی توانائی، آواز اور موجودگی کو صرف ایک یاد کے طور پر نہیں بلکہ حقیقت کی طرح محسوس کر سکیں گے۔
ان کے مطابق ہر شو میں ان کی اصل آواز، سنیماٹوگرافک مناظر، سٹیج ایفیکٹس کے ساتھ ان کی تھری-ڈی ہولوگرافک پروجیکشن شامل ہوگی، پنجاب سے ٹورنٹو، لندن سے ایل اے – یہ سفر تاریخ رقم کرے گا، اس ٹور کو ’پلیٹینم ایونٹس‘ کی جانب سے پیش کیا جائے گا۔