ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ملک کے مختلف علاقوں میں 25 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

ملک کے مختلف علاقوں میں 25 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک:ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے اور محکمہ موسمیات نے 25 جولائی تک مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ممکنہ سیلابی صورتحال کے خدشے پر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جبکہ پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی تیز اور مسلسل بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے نتیجے میں نشیبی علاقوں کے زیرِ آب آنے کا خطرہ موجود ہے۔

ادھر خیبرپختونخوا میں بھی 25 جولائی تک وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دریائے کابل، سوات، پنجکوڑہ، کالپنی نالہ اور بارہ نالہ میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جس کے باعث قریبی آبادیوں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سندھ کے شہری علاقوں کراچی، حیدرآباد، سکھر، جیکب آباد، ٹھٹھہ اور بدین میں بھی بارشوں کی پیشگوئی ہے، جہاں سڑکوں، گلیوں اور انڈرپاسز میں پانی جمع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق شدید بارشوں کے سبب شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ پیشگی حفاظتی اقدامات مکمل کیے جائیں، جبکہ عوام خصوصاً سیاحوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔