ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

ہاکی باتوں سے ٹھیک نہیں ہوگی، ہمیں سہولیات دی جائیں: کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ

ہاکی باتوں سے ٹھیک نہیں ہوگی، ہمیں سہولیات دی جائیں: کپتان قومی ہاکی ٹیم عماد بٹ
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

ویب ڈیسک: پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہا ہے کہ ہاکی صرف دعووں سے بہتر نہیں ہوگی، کھلاڑیوں کو سہولیات، واجبات اور روزگار فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد بٹ نے کہا کہ ہم ایشیا کپ کی بھرپور تیاری کر رہے ہیں، جو نہ صرف ایک بڑا ایونٹ ہے بلکہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ بھی ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ فیڈریشن نے ایشیا کپ میں شرکت کے لیے حکومت سے رابطہ کیا ہے، اور بھارت جانا فی الحال خطرے سے خالی نہیں لگتا۔

عماد بٹ نے شکوہ کیا کہ فیڈریشن نے تاحال کھلاڑیوں کے واجبات ادا نہیں کیے، وعدے کیے جاتے ہیں لیکن پورے نہیں ہوتے۔ "ہمیں کہا گیا تھا کہ تنخواہیں ملیں گی، لیکن آج تک کچھ نہیں ملا"، کپتان نے وضاحت کی۔

انہوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کی آڈیو لیک ہوئی تھی، اور وہ اپنے مؤقف پر قائم ہیں۔ "میں نے جو کہا، وہ سچ کہا، اور اگر ضرورت پڑی تو دوبارہ بھی بولوں گا"، عماد بٹ کا دو ٹوک مؤقف۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کے لیے روزگار کی راہ بحال کی جائے۔ “ہم نے وزیراعظم سے ڈیپارٹمنٹس کی ٹیمیں بحال کرنے کی درخواست کی تھی تاکہ کھلاڑیوں کو مالی تحفظ مل سکے۔”

فیڈریشن اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطہ نہ ہونے پر انہوں نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی نے ہم سے کوئی بات نہیں کی، نہ کوئی میسج آیا اور نہ ہی کوئی رابطہ۔

آخر میں عماد بٹ نے کہا کہ ہاکی کے مسائل صرف بیانات سے حل نہیں ہوں گے، عملی اقدامات، سہولیات اور وعدوں کی تکمیل ہی کھیل کو آگے لے جا سکتی ہے۔