ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ،محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی

تیز ہواؤں اور گرج چمک کیساتھ بارش ،محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

سٹی42: ملک کے بیشتر علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران جنوبی سندھ، مشرقی بلوچستان اور کشمیرمیں چند مقامات پر موسلادھار بارش جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے۔

سورج کی تپش سے شہر لاہور کا درجہ حرارت بڑھ گیا ، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں جبکہ شہر کا مطلع صاف رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔رپورٹ کے مطابق درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ شہر میں 6 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہوا میں نمی کا تناسب 80 فیصد تک پہنچ سکتا ہے، جس کے باعث موسم مرطوب اور حبس زدہ رہنے کا امکان ہے۔

 کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے اور صبح سویرے ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ ایئرپورٹ، ملیر، گلستان جوہر، گلشن اقبال، نارتھ کراچی اور نیو کراچی سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بادل برس پڑے۔رات گئے ملیر کینٹ، صفورہ گوٹھ، اسکیم 33 اور گلستان جوہر میں بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ طارق روڈ، بہادر آباد، اسٹیڈیم روڈ اور بلوچ کالونی سمیت اطراف کے علاقوں میں بھی ہلکی بارش ہوئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی سے معتدل بارش کا امکان ہے۔ نمی کا تناسب زیادہ ہونے کے باعث موسم مرطوب رہے گا جبکہ سمندری ہوائیں بحال ہو چکی ہیں جو اس وقت 14 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے مغرب کی جانب سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ  کیا گیا ہے،متوقع زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ ہوا میں نمی کا تناسب 78 فیصد ہے۔شہر کا فضائی معیار تسلی بخش قرار دیا گیا ہے جبکہ ہوا میں آلودہ ذرات کی مقدار 60 پی ایم ریکارڈ کی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے پنجاب، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے 18 اضلاع میں 25 جولائی تک بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔ حیدرآباد، مٹیاری، بدین، میرپور خاص، اور ٹنڈوالہٰ یار میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

 خیرپور اور گرد و نواح میں رات سے جاری ہلکی بونداباندی نے صبح ہوتے ہی تیز بارش کی شکل اختیار کر لی، جس کے باعث شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور موسم خوشگوار ہو گیا تاہم، بارش کے باعث علاقے میں کاشت کی گئی کھجور کی فصل کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ مقامی کسانوں کا کہنا ہے کہ بارش کے دوران پھل جھڑنے سے فصل کی پیداوار اور معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چند گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

شکارپور اور اس کے گردونواح میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، جس کے باعث کئی نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں۔ بعض علاقوں میں تیز بارش جبکہ کچھ علاقوں میں ہلکی رم جھم کا سلسلہ جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق لکی غلام شاہ، خان پور اور گڑھی یاسین سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے، جس سے معمولاتِ زندگی متاثر ہو رہے ہیں۔

بارش کے باعث سیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ کر گئے، جس کی وجہ سے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ آئندہ 24 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے۔